کمشنر راولپنڈی محمد محمود نے وفاقی وزیر اسد عمر کو جڑواں شہروں کے فلیگ شپ منصوبہ رنگ روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت سے متلعق آگاہ کیا ۔

0
190

( اسلام اباد )

کمشنر راولپنڈی محمد محمود نے جمعرات کے روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کو جڑواں شہروں کے فلیگ شپ منصوبہ رنگ روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت سے متلعق آگاہ کیا ۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان اور وزارت منصوبہ بندی کے اعلی عہدیداران نے شرکت کی ۔

اسلام آباد میں ہونے والی بریفنگ میں کمشنر راولپنڈی محمد محمود نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ رنگ روڈ کی تجویز کردہ لمبائی 64 کلومیٹر ہے جو روات سے شروع ہو گی اور اس کے بعد اسلام آباد سے منسلک ہونے کے لیے ایم-2 اور ایم -1 سے ہوتی ہوئی یہ سڑک این-5 کو عبور کر کے سنگجانی پر اختتام پزیر ہو گی، اس سڑک پر چھ لین اور آٹھ انٹر چینج ہوں گے۔

رنگ روڈ منصوبہ کی موجودہ پیش رفت پر بات کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ منصوبہ کی فزیبلٹی سٹڈی مکمل ہوچکی ہے ، الائیمنٹ کو حتمی شکل دی جا چکی ہے ، پنجاب پبلک پرائیویٹ اتھارٹی کے ذریعہ پبلک پرائیویٹ اتھارٹی کی تجویز بھی منظور ہو چکی ہے ، 65 کلومیٹر سنگجانی تک حد بندی کی جا چکی ہے ، زمین کے حصول کے لیے معاوضہ بھی دینا شروع کیا جا چکا ہے ، سڑک کی تعمیر کے لیے مختلف محکموں سے ضروری اجازت نامے جاری کیے جا چکے ہیں ، انٹرنیشنل ٹینڈر تیار ہے جو اگلے ہفتہ اخبارات میں دے دیا جائےگا ۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے پیش رفت کے حوالے سے راولپنڈی کی انتظامیہ کے کام کو سراہا اورکہا کہ یہ منصوبہ راولپنڈی شہر کے اندر ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے میں بہت مددگار ہوگا شہریوں کے ٹریفک مسائل حل ہوں گے اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ اسد عمر نے منصوبے کے امور کی ٹائم لائن جلد طے کرنے اور تیزی سے معاملات آگے بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس منصوبے میں طے کردہ ٹائم لائن میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here