وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاک افغان اور پاک ایران سرحدی علاقوں میں بارڈر مارکیٹس کے قیام کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس

0
616


وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاک افغان اور پاک ایران سرحدی علاقوں میں بارڈر مارکیٹس کے قیام کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس

اجلاس میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، مشیران ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، معاون خصوصی لیفٹنٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ و دیگر سینئر سول اور ملٹری افسران شریک

اجلاس کو پاک افغان اور پاک ایران سرحدوں پر بسنے والی مقامی آبادی کو کاروبار کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے مجوزہ بارڈر مارکیٹوں کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاک افغان بارڈر پر بارہ جبکہ پاک ایران سرحد پر چھ بارڈر مارکیٹوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

وزیر اعظم نے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر صوبہ بلوچستان میں دو اور صوبہ خیبرپختونخواہ میں ایک بارڈر مارکیٹ کے قیام کی منظوری دی جنہیں فروری تک مکمل کرکے فعال کر دیا جائے گا۔

سرحدوں کے ذریعے ہونے والی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے مزید موثر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ

بارڈر مارکیٹوں کے قیام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان مارکیٹوں کے قیام سے جہاں سرحدی علاقوں پر مقیم آبادی خصوصاً نوجوانوں کو کاروبار اور تجارت کے بہتر مواقع میسر آئیں گے وہاں سرحدوں پر فینسنگ (باڑ کی تنصیب) کے بعد آمد و رفت اور تجارت کو منظم کرنے اور سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے خاطر خواہ مدد ملے گی۔ وزیرِ اعظم نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منظور شدہ راہداریوں اور بارڈر مارکیٹوں میں متعلقہ سٹاف کی تعیناتی کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت صوبہ بلوچستان کے معدنی وسائل کو برؤے کار لانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس

اجلاس میں وزیرِ قانون محمد فروغ نسیم، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، مشیران ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، معاون خصوصی لیفٹنٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ و دیگر سینئر سول اور ملٹری افسران نے ان اجلاسوں میں شرکت کی۔

ملکی سرمایہ کاروں اور معروف کاروباری شخصیات کے نمائندگان کی بھی اجلاس میں شرکت

صوبہ بلوچستان کے معدنی وسائل کو برؤے کار لانے کے حوالے سے روڈ میپ پر تفصیلی تبادلہ خیال

بلوچستان ایکسپلوریشن کمپنی کے کردار، دائرہ کار کے حوالے سے بھی بریفنگ، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے معدنی وسائل کے فروغ کے حوالے سے فریم ورک سے متعلق اجلاس کو بریف کیا

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی سرمایہ کار اور ممتاز کاروباری شخصیات صوبہ بلوچستان کے معدنی وسائل کو برؤے کار لانے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے صوبہ بلوچستان میں معدنی وسائل کی دریافت اور انکو برؤے کار لانے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا صوبہ بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے معدنی وسائل کو نہایت شفاف اور منظم طریقے سے برؤے کار لایا جائے اور ان وسائل کو صوبے کے عوام کی خوشحالی کے لئے استعمال میں لانے کو یقینی بنایاجائے۔ وزیرِ اعظم کابینہ ممبران اور متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ بلوچستان کے معدنی وسائل کو برؤے کار لانے اور اس حوالے سے قائم کی جانے والی بلوچستان ایکسپلوریشن کمپنی کو ہر ممکنہ معاونت فراہم کی جائے۔ مقامی سرمایہ کاروں کی جانب سے دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں کاروباری برادری کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرےگی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here